ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کے بیلنی میں جانور کی غیر قانونی قربانی کا الزام؛ سنگھ پریوار کارکنوں کی ہنگامہ خیزی ؛ معاملہ درج

بھٹکل کے بیلنی میں جانور کی غیر قانونی قربانی کا الزام؛ سنگھ پریوار کارکنوں کی ہنگامہ خیزی ؛ معاملہ درج

Mon, 04 Sep 2017 21:09:41    S.O. News Service

بھٹکل:04/ستمبر (ایس اؤنیوز)تعلقہ کے ماوین کوروے گرام پنچایت حدود کے بیلنی علاقے میں بقرعید کے موقع پر قربانی کو لے کر سنگھ پریوار کے کارکنان نے ہنگامہ خیزی کرتے ہوئے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی، جن کے مطالبے پر  پولس نے ذبیح کئے ہوئے  جانور کے خون کے نمونے حاصل کرکے معاملہ درج کرلیا۔ یہ واردات آج پیر کی صبح پیش آئی ہے۔

 بیلنی کے جناب یوسف بیلّی صاحب نے جانور کی قربانی کے لئے  کل اتوار شام کو ایک جانور خریدا تھا اور رات کا اندھیرا پھیلنے کے بعد اپنے کمپائونڈ میں باندھ دیا تھا،  جس کی اطلاع ملتے ہی  سنگھ پریوار کے کارکن بڑی تعداد میں جناب یوسف بیلی صاحب کے مکان کے باہر جمع ہوگئے اور ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی  پل بھر میں مسلم نوجوان کثیر تعداد میں جناب یوسف بیلی صاحب کے  مکان پر پہنچ گئے۔

ڈی وائی ایس پی مسٹر شیوکمار اور سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک سمیت پولس کا عملہ بھی جائے واردات پر پہنچ گیا، جن کی درخواست پر جانور کو جناب یوسف بیلی صاحب کے مکان سے دوسری جگہ لے جایا گیا۔

جناب یوسف بیلی صاحب نے بتایا کہ پولس کی درخواست پر آج پیر کو انہوں نے بکروں کی قربانی دی، مگر بکروں کی قربانی دینے  کے باوجود سنگھ پریوار کے کارکنوں نے ہنگامہ مچانے کی کوشش کی اور پولس کو اُلٹا سیدھا بیان دے کر معاملہ درج کروایا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ  بی جے پی لیڈر گوند نائک، دنیش نائک، راگھویندر نائک اور دیگر کارکنان نے آج پیر صبح  ان کے گھر پہنچ کر ہنگامہ شروع کیا کہ بیلنی میں گائے کو پوچنے والے کئی ہندو رہتے ہیں، اور رات کو ہم سے وعدہ کیا گیا ہے کہ یہاں گائے کی قربانی نہیں ہونے دی جائے گی۔  مگر اس کے باوجود یہاں گائے کو ذبح کیا جارہا ہے اور ہم یہاں گائے کو ذبح کرنے نہیں دیں گے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مسلم نوجوان کافی بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے، جس سے کچھ لمحوں کے لئے حالات کشیدہ ہوگئے ۔ یہاں  دونوں گروپ آمنے سامنے ہوگئے تھے۔

اس درمیان جناب یوسف بیلی صاحب کے مکان پر بکروں کو ذبح کیا گیا اور ہزار سے زائد نوجوانوں نے یہاں تکبیر کی صدائیں بلند کی۔

اطلاع ملتے ہی ڈی وائی ایس پی شیو کمار اور سی پی آئی سریش نایک اپنے عملے کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ گئے ، انہوں نے دونوں گروہوں کو منتشرکرکے مطمئن کرنے کی ناکام کوشش کی ۔جب سنگھ پریوار کے کارکنوں نے  ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق معاملہ درج کرکے کارروائی کرنے کی مانگ کی۔ تو پولس نے حامی بھرتے ہوئے یقین دلایا کہ  اگریہاں غیر قانونی طورپر جانور کی قربانی ہوئی ہے تو کارروائی کی جائے گی۔ اس کے بعدحالات معمول پر لوٹے۔

پولس نے معاملے کو لے کر گھر مالک محمد یوسف ابن اسماعیل بیلی کے خلاف بھٹکل دیہی پولس تھانے میں کیس درج کرلیا ہے اور قربانی کو ذبح کئے گئے خون کو جانچ کرنے کے لئے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

معاملے کو لے کر گھر مالک محمد یوسف بیلنی نے بتایا کہ وہ  گذشتہ 40-30سالوں سے اپنے اسی مکان  کے کمپائونڈ میں بقر عید کے موقع پر جانوروں کی  قربانی کرتے ہوئے عید مناتے آرہے ہیں  اوریہ بات علاقہ کے تمام لوگ اچھی طرح جانتے ہیں۔ مگر  اس سال اچانک قربانی پر روک لگانے کی کیوں کوشش کی گئی ہے، وہ ان کی سمجھ سے باہرہے۔ یوسف صاحب نے بتایا کہ  پولس والوں نے مجھے بیل  کے بدلے بکرے کی قربانی کرنے کو کہا تو میں نے بکرے کی ہی قربانی کی ہے، اس کے باوجود کچھ شرپسند لوگوں نے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔

بھٹکل ڈی وائی ایس پی شیوکمار نے بتایا کہ ذبح کئے گئے جانور کے خون کا نمونہ حاصل کیا گیا ہے اور  بھٹکل دیہی تھانہ پولس میں معاملہ درج کرتے ہوئے جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں امن وامان برقرار ہے ۔


Share: